لاہور جمخانہ میں شراب کی سرعام فروخت کا معاملہ پنجاب اسمبلی پہنچ گیا، ایکسائز سے بڑا جواب طلب!

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی مبینہ سرعام فروخت کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں اٹھا دیا گیا، ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید نے محکمہ ایکسائز سے کلب میں شراب کی فروخت کے لائسنس اور حکومتی آمدنی سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔
چوہدری امجد علی جاوید نے محکمہ ایکسائز سے سوال کیا ہے کہ کیا ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے لاہور جمخانہ کلب میں فروخت ہونے والی شراب کا لائسنس جاری کر رکھا ہے؟ اگر لائسنس جاری کیا گیا ہے تو اس کی بنیاد پر محکمہ ایکسائز کو اب تک کتنی آمدنی حاصل ہوئی ہے؟
رکن پنجاب اسمبلی نے مزید استفسار کیا کہ اگر لاہور جمخانہ کلب کے پاس شراب فروخت کرنے کا باقاعدہ لائسنس موجود نہیں تو پھر مبینہ طور پر کم عمر افراد، کلب ممبران اور نان ممبران کو شراب کیسے فروخت کی جا رہی ہے؟
انہوں نے محکمہ ایکسائز سے یہ بھی جواب طلب کیا کہ لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی مبینہ فروخت کے حوالے سے محکمہ نے اب تک کیا کارروائی کی ہے؟ اور اگر کلب سے شراب کی فروخت کی مد میں حکومت کو کوئی آمدنی حاصل نہیں ہو رہی تو حکومت نے اس معاملے کے خلاف اب تک کیا اقدامات کیے ہیں؟
پنجاب اسمبلی میں اٹھائے گئے سوالات کے بعد لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی مبینہ فروخت، اس کے قانونی جواز، لائسنس اور حکومتی ریونیو کے حوالے سے کئی اہم سوالات سامنے آگئے ہیں۔
اب محکمہ ایکسائز کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں دیے جانے والے جواب کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے یہ واضح ہوسکے گا کہ لاہور جمخانہ کلب میں شراب کی فروخت کے لیے کوئی قانونی اجازت یا لائسنس موجود ہے یا نہیں اور اگر ہے تو اس سے حکومت کو کتنی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔



