مریم نواز کے دفاع میں عظمیٰ بخاری مخالفین پر برس پڑیں، سہیل آفریدی سے بڑا سوال کر دیا!

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، مریم نواز کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، جبکہ مخالفین حقائق کو نظر انداز کرکے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی مسلح افواج نے تاریخی کامیابی حاصل کی اور بھارت نے جب بھی پاکستان پر حملہ کیا، اسے منہ کی کھانا پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور ملکی مفاد کو سیاسی مفادات پر ترجیح دینا ہوگی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے مریم نواز سے معافی کے مطالبے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کس حیثیت سے مریم نواز سے معافی کا مطالبہ کررہے ہیں؟

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر پختون عوام کے حقوق اور عزت کی بات کی جاتی ہے تو یہ سوال بھی کیا جانا چاہیے کہ کیا اس وقت پختونوں کی توہین نہیں ہوتی جب انہیں بنیادی صحت کی سہولیات میسر نہیں ہوتیں؟ ان کے مطابق عوام کو علاج، تعلیم، امن اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومتوں کی اصل ذمہ داری ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے انتشاری سیاست کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کی کارکردگی کا اندازہ نعروں اور سیاسی بیانات سے نہیں بلکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے ہوتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا سیاسی طور پر فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق جدید طرز حکمرانی صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانے کا نام نہیں بلکہ امن، قانون، ٹیکنالوجی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی، پولیسنگ، سی ٹی ڈی کی استعداد اور داخلی سلامتی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا جیسے دہشت گردی سے متاثرہ صوبے کی اولین ترجیح امن و امان اور عوام کا تحفظ ہونا چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ دوسرے صوبوں میں سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی سیاست کے بجائے اپنے صوبے کے عوام کے مسائل پر توجہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت اپنی کارکردگی کا جواب نہیں دے سکتی، وہ دوسروں پر بیان بازی کرکے اپنی کمزوریاں نہیں چھپا سکتی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور عوامی فلاح، امن و امان اور بہتر حکمرانی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button