قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے باوجود کئی سرکاری گاڑیاں تاحال پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کے زیر استعمال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے باوجود کئی سرکاری گاڑیاں تا حال پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کے زیر استعمال ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے والے تحریک انصاف کے کئی اراکین اب بھی سرکاری گاڑیاں استعمال کررہے ہیں جبکہ چیئرمین قائمہ کمیٹی گاڑی کے علاوہ 320 لیٹر پیٹرول بھی لے رہے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس 8 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ہے، چیئرمین کمیٹی یا آفس کو ایک ڈرائیور، نائب قاصد اور پی اے دیا گیا ہے، محمد عاطف، جنید اکبر ، خواجہ شیراز، عامر ڈوگر کو بطور چیئرمین مراعات دی گئیں تھیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رکن ثنا اللہ مستی خیل آج سرکاری گاڑی میں خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچے جس پر ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا لیکن ابھی بھی گاڑی اور مراعات واپس نہیں کیں؟

اس پر ثناء اللہ مستی خیل نے جواب دیا کہ میں نے گاڑی واپس کر دی تھی لیکن اسپیکر نے گاڑی واپس لینے سے انکار کر دیا، اسپیکر نے کہا جب تک استعفے منظور نہیں کیے جاتے آپ کی گاڑیاں واپس نہیں لے سکتے۔

ثنا اللہ مستی خیل نے کہا کہ ہم عمران خان کے احکامات کو ماننے والے ہیں،  ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوشش کررہے ہیں ہمارے لیے مراعات معنی نہیں رکھتیں، ہم نے کمیٹیوں سے استففے دیے اور ہمارے ساتھی پریشانیوں میں بھی کھڑے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button