این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی: بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نام پر فراڈ کرنے والا 10 رکنی گینگ گرفتار


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے رشتہ دار بن کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے 10 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان، جن کا تعلق سندھ سے بتایا جاتا ہے، جدید ماسکنگ سافٹ ویئر اور غیر ملکی واٹس ایپ نمبرز استعمال کر کے شہریوں کو دھوکا دیتے تھے۔
حکام کے مطابق ملزمان ہنگامی صورتحال، ویزا مسائل یا فوری مالی ضرورت کا جھوٹا بہانہ بنا کر متاثرین سے لاکھوں روپے مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرواتے تھے۔
این سی سی آئی اے نے اسلام آباد کے علاقے سوہان گارڈن میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران محسن، عادل اور معشوق سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فون، حساس بینکنگ ڈیٹا، جعلی ٹرانزیکشن سلپس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے محمد علی وسیم کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں، مالی لین دین (منی ٹریل) اور ممکنہ متاثرین کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔