یومِ شہدائے کشمیر،13 جولائی حق، قربانی اور استقامت کا عظیم دن ہے، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر 13 جولائی 1931 کے 22 کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن حق، قربانی اور استقامت کی لازوال داستان کی یاد دلاتا ہے۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ ڈوگرہ راج کے ظلم و جبر کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 22 کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے لہو سے جدوجہد کو نئی سمت دی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اذان کے دوران قربانیاں دینے والے شہداء کی یاد آج بھی کشمیری عوام کے عزم، حوصلے اور استقامت کی علامت ہے، جبکہ ان کی قربانیاں حق خودارادیت کی جدوجہد کو طاقت فراہم کر رہی ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پابندیوں، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بنتا رہے گا۔



