مون سون بارشیں شروع، مریم نواز کا پنجاب کے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مون سون بارشوں کے آغاز کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حکم دیا کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی فعال اور الرٹ رکھنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے بارش کا پانی جلد از جلد نکالنے، جبکہ برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع نہیں ہونا چاہیے، محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ رہیں اور نہروں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنانے اور بارشوں کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز نے کنسٹرکشن سائٹس پر حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے، خستہ حال اور حساس عمارتوں کی خصوصی نگرانی کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے سیف سٹی اتھارٹی، چیف ٹریفک افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی بروقت رہنمائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام فیلڈ ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ بارشوں کے دوران کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



