سہیل آفریدی کو سکیورٹی فراہم کر کے ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دیا، خواجہ سلمان رفیق

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو صوبے میں داخلے کے موقع پر سکیورٹی فراہم کرکے ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دیا۔

اپنے بیان میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت نے متعدد بار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عملے اور صوبائی حکومت سے روٹ کی تفصیلات طلب کیں، تاہم اس حوالے سے مطلوبہ تعاون نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی مبینہ نازیبا اور غیر پارلیمانی گفتگو کے باوجود پنجاب پولیس نے انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی اور اپنی ذمہ داری پوری کی۔

صوبائی وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے کے باعث شہریوں کو سارا دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور مریض ایمبولینسز میں پھنسے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو اس صورتحال پر عوام سے معذرت کرنی چاہیے۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی اپنے گارڈز کے ہمراہ پولیس کی گاڑی پر سیر و تفریح کے بعد فٹ پاتھ پر بیٹھ گئے، تاہم عوام نے ان کے اس عمل کو کوئی اہمیت نہیں دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں آئین و قانون کے مطابق ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button