اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کشیدگی کم کرنے کا بہترین راستہ ہے، اسحاق ڈار، رافیل گروسی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ علاقائی کشیدگی میں کمی اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد بہترین لائحہ عمل ہے۔
رافیل گروسی نے ضرورت پڑنے پر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ گفتگو کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کو آگے بڑھانے، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی امن اور ترقی کے ایجنڈے کے حصول میں اقوام متحدہ کے نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے منصب کے لیے رافیل گروسی کی انتخابی مہم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



