ایران جنگ میں امریکا کو 33 ارب 40 کروڑ ڈالر کا نقصان، 30 ڈرونز اور کئی جنگی طیارے تباہ

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے) امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ایران جنگ کے دوران امریکا کو بھاری عسکری اور معاشی نقصان اٹھانا پڑا، جنگ پر مجموعی طور پر تقریباً 33 ارب 40 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران 22 ارب 30 کروڑ ڈالر صرف استعمال کیے گئے گولہ بارود پر خرچ ہوئے، جبکہ 20 ہزار سے زائد امریکی فوجیوں اور سفارتی اہلکاروں کو خطے سے بحفاظت نکالا گیا۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق یورپی اڈوں سے امریکی افواج نے جنگی معاونت کے لیے تقریباً 5 ہزار پروازیں کیں۔ عراق، کویت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں امریکی تنصیبات اور دیگر عسکری سرگرمیوں کے حوالے سے بھی 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنگ کے دوران امریکا کے 30 ڈرونز تباہ ہوئے، جبکہ ایف 15، ایف 35 اور اے 10 سمیت متعدد جنگی طیارے بھی تباہ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے بحرین میں امریکی بحریہ کے مرکزی لاجسٹکس مرکز کو بھی تباہ کر دیا، جس سے امریکی عسکری انفراسٹرکچر کو نمایاں نقصان پہنچا۔

امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کے مطابق پینٹاگون ہتھیاروں کی خریداری اور پیداوار کا عمل تیز کرنے کے ساتھ ساتھ اہم جنگی سازوسامان کے ذخائر بڑھانے پر بھی کام کر رہا ہے۔

کانگریس کی جانب سے لازمی قرار دی گئی اس رپورٹ میں ایران جنگ کے ابتدائی چار ماہ کے دوران امریکی عسکری اخراجات، نقصانات اور جنگی کارروائیوں کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button