شدید بارشیں اور ممکنہ سیلاب، وزیراعظم کی تمام اداروں کو مکمل تیار رہنے کی ہدایت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں انہیں حالیہ مون سون کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ امدادی سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر کیے گئے پیشگی انتظامات کے باعث متعلقہ ادارے موجودہ مون سون سیزن کی صورتحال کی مؤثر انداز میں نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم کو مون سون سیزن کے متوقع رجحان، صوبوں اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مجموعی انتظامات کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔



