بھارتی سٹاک مارکیٹ پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل، سرمایہ کاری 17 سال کی کم ترین سطح پر

نئی دہلی (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی سٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری 17 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ کے مطابق بھارتی شیئرز میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کم ہوگئی ہے اور متعدد کمپنیوں نے بھارتی مارکیٹ میں اپنی سرمایہ کاری تقریباً ختم کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے میں محدود مواقع اور کم منافع کے باعث عالمی کمپنیاں بھارتی مارکیٹ سے سرمایہ تیزی سے نکال رہی ہیں، جبکہ سرمایہ کار دیگر ایشیائی مارکیٹوں کو بھارت پر ترجیح دے رہے ہیں۔
بینک آف امریکا کے حالیہ سروے کے مطابق بھارت اب ایشیا کی سب سے کم پسندیدہ مارکیٹ بن چکا ہے، جو بھارتی معیشت اور سرمایہ کاری کے ماحول سے متعلق بڑھتی ہوئی بے اعتمادی کی نشاندہی کرتا ہے۔
بھارتی معیشت کی موجودہ صورتحال اور سٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے معاشی کارکردگی اور خوشحالی سے متعلق دعوؤں پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔



