اوکاڑہ،گٹروں پر حفاظتی جال نصب کرنے کا سلسلہ جاری

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )وزیراعلیٰ پنجاب کے "محفوظ پنجاب” ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر عوامی تحفظ کا اقدام تسلسل سے جاری، اس سلسلہ میں ضلع بھر میں سیوریج لائنوں کے مین ہولز پر ڈھکن لگانے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر خصوصی حفاظتی جال نصب کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد مین ہول کا ڈھکن چوری ہونے یا ٹوٹنے کی صورت میں بھی قیمتی انسانی جانوں کو کسی بھی بڑے حادثے سے محفوظ رکھنا ہے۔ واسا، ضلع کونسل اور ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں کا فیلڈ عملہ شدید گرمی اور مون سون کے چیلنجز کے باوجود فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ضلع کی تینوں تحصیلوں سمیت شہروں اور دیہی علاقوں کے مین روڈز، گلی محلوں اور سکولوں کے قریبی راستوں پر ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی جال فٹ کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اوکاڑہ کے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کی جان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اکثر اوقات مین ہولز کے ڈھکن ٹوٹنے یا چوری ہونے سے حادثات کا خدشہ رہتا ہے، اسی لیے ہم نے یہ فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے کہ ڈھکن کے نیچے لوہے کا مضبوط حفاظتی جال بھی لازمی نصب کیا جائے تاکہ حادثے کا امکان ختم ہو جائے۔ واسا، ضلع کونسل اور تمام میونسپل کمیٹیوں کے افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس کام کو عبادت سمجھ کر مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور کام کے معیار پر کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں، اگر کہیں مین ہول کا ڈھکن غائب دیکھیں تو فوری انتظامیہ کو اطلاع دیں

مزید خبریں

Back to top button