فرانس میں پولیس اہلکار کی مبینہ بدسلوکی،بے گھر شہری13دن بعد دم توڑ گیا

پیرس (جانو ڈاٹ پی کے) فرانس کے شہر کارکاسون میں ایک پولیس اہلکار کی جانب سے بے گھر شہری کو مبینہ طور پر انتہائی زور سے زمین پر گرانے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد معاملے کی عدالتی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ متاثرہ شہری واقعے کے 13 روز بعد دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ 12 جون کو ایک میوزک فیسٹیول کے دوران پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار نے ایک بے گھر شہری کو دھکا دیا، جس کے نتیجے میں وہ سر کے بل زمین پر جاگرا۔واقعے کے بعد متاثرہ شخص کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر موقع پر موجود دیگر افراد کو اس کی مدد سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ عینی شاہدین نے اس صورتحال پر شدید احتجاج بھی کیا۔بعدازاں متاثرہ بے گھر شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 13 دن تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جانبر نہ ہوسکا۔فرانسیسی پراسیکیوٹر کے مطابق پولیس اہلکار کے خلاف سرکاری اختیارات رکھنے والے شخص کی جانب سے دانستہ تشدد کے الزام کے تحت عدالتی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔حکام نے واقعے کی مزید چھان بین کے لیے پولیس کے داخلی تفتیشی ادارے کو بھی تحقیقات سونپ دی ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے اور ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔



