54سال بعد پاکستان کی عالمی توانائی فورم میں واپسی، گیس ٹیک 2026 میں تاریخ رقم

بنکاک(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان 54 سال بعد عالمی توانائی فورم ’’گیس ٹیک 2026‘‘ کا حصہ بن گیا، تھائی لینڈ کے بنکاک انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ ایگزیبیشن سینٹر (BITEC) میں جاری کانفرنس و نمائش میں پہلی پاکستانی کمپنی نے اپنا اسٹال قائم کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

منتظمین کے مطابق یو جی ڈی سی گیس ٹیک کی 54 سالہ تاریخ میں پہلی پاکستانی کمپنی ہے جس نے عالمی سطح کی اس کانفرنس و نمائش میں اپنا اسٹال لگایا ہے۔

گیس ٹیک 2026 کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق عالمی توانائی فورم میں 7 ہزار مندوبین، ایک ہزار نمائش کنندگان اور 150 ممالک کے نمائندے شریک ہیں، جبکہ کانفرنس اور نمائش کے دوران مجموعی طور پر 50 ہزار شرکاء کی آمد متوقع ہے۔

بنکاک میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یو جی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نجی شعبے کو 35 فیصد گیس مختص کرنے کی پالیسی گیس سیکٹر میں ڈی ریگولیشن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، براہ راست کاروباری شراکت داریوں اور نجی گیس تقسیم کاری کے نیٹ ورکس کے ذریعے گیس کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے کام کرنا چاہتی ہے۔

غیاث عبداللہ پراچہ کے مطابق عالمی فورم میں پاکستان کی شرکت سے ملک کے گیس سیکٹر میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

گیس ٹیک 2026 کی کانفرنس و نمائش 14 سے 17 ستمبر تک بنکاک میں جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button