پٹرول ریلیف پیکیج مسترد،جماعت اسلامی کا حکومت کو دوٹوک جواب،اسلام آباد مارچ کا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے وزیراعظم کی جانب سے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔
اسلام آباد میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان آئی پی پیز اور پیٹرولیم لیوی کے معاملات پر تکنیکی مذاکرات ہوئے، جبکہ وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر توانائی اویس لغاری نے حکومتی مؤقف پر بریفنگ دی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے پیٹرول ریلیف پیکیج کو مسترد کردیا ہے اور حکومت پر واضح کردیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ ان کے مطابق لیوی ختم ہونے کی صورت میں عوام کو پیٹرول پر تقریباً 103 روپے فی لیٹر تک ریلیف مل سکتا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے ریلیف اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقی ریلیف نہیں بلکہ عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔ انہوں نے حکومت کو پیغام دیا کہ وزیراعظم کو آگاہ کردیا جائے کہ جماعت اسلامی کا اسلام آباد کی جانب مارچ جاری رہے گا۔
آئی پی پیز کے معاملے پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیر توانائی اویس لغاری نے حکومت کا مکمل مؤقف مذاکرات میں پیش کیا۔ ان کے مطابق حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے گزشتہ احتجاج کے نتیجے میں 54 آئی پی پیز کے معاملات فائنل کیے گئے۔



