کے پی میں پولیس کانظام بدلے گا،آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی قسمت وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں؟

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس ایکٹ 2017 میں اہم ترامیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت صوبے میں پولیس کے اعلیٰ افسران کی تعیناتی اور تبادلوں کے اختیارات سے متعلق موجودہ نظام میں تبدیلی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کی تعیناتی کا اختیار صوبے کو دینے کے لیے ترمیمی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ مجوزہ ترامیم میں بیوروکریسی کی طرز پر آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی تعیناتی و تبادلے کا اختیار بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو دینے کی تجویز شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیسنگ کی نگرانی اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے پبلک سیفٹی کمیشن کے قیام کی تجویز بھی ترمیمی مسودے کا حصہ ہے۔

صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہے کہ حکومت پولیس ایکٹ 2017 میں بہتری لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیسنگ صوبائی معاملہ ہے اور یہ وفاق کا اختیار نہیں، جبکہ حکومت پولیس پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام بہتر بنانا چاہتی ہے تاکہ اختیارات کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔

آفتاب عالم کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے تبادلوں سے متعلق صوبے کے اختیار کے حوالے سے ایک ایسا فیصلہ دیا جسے صوبائی حکومت غیر آئینی سمجھتی ہے۔

صوبائی وزیر قانون نے واضح کیا کہ پولیس کے اختیارات کم نہیں کیے جا رہے بلکہ انہیں مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور مجوزہ ترامیم کا مقصد پولیسنگ کے نظام کو مؤثر، جوابدہ اور بہتر بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button