چشمہ فائیو پر عالمی اعتماد کی مہر! پاکستان اور آئی اے ای اے کا اہم معاہدہ طے پاگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے درمیان چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کے سیف گارڈز معاہدے پر دستخط ہوگئے، جسے پاکستان کے پرامن جوہری پروگرام اور عدم پھیلاؤ کی ذمہ داریوں پر عالمی اعتماد کی اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

سیف گارڈز معاہدے پر دستخط کی تقریب میں چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔ معاہدے پر چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن علی رضا اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے دستخط کیے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان باہمی تعاون مزید بڑھانے کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل آئی اے ای اے بورڈ نے رواں سال مارچ میں چشمہ فائیو کے سیف گارڈز معاہدے کی متفقہ منظوری دی تھی۔ معاہدے کے تحت منصوبے سے متعلق جوہری مواد اور سرگرمیوں کی نگرانی عالمی سیف گارڈز نظام کے مطابق کی جائے گی۔

دوسری جانب چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ منصوبے کی ری ایکٹر بلڈنگ کے گنبد کی تنصیب بھی مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلی گئی ہے، جو منصوبے کی تعمیر میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

1200 میگاواٹ پیداواری صلاحیت رکھنے والا چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ 2028 میں بجلی کی پیداوار شروع کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔

پاکستان اس وقت مجموعی طور پر 3 ہزار 532 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والے 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس کامیابی سے چلا رہا ہے، جبکہ چشمہ فائیو کی تکمیل سے ملک کی جوہری توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button