ماتلی:تاجر ہریش کمار کے صاحبزادے کاملیش کمار کے گھرمبینہ ڈکیتی کی واردات

ماتلی(رپورٹ:ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے)ماتلی شہر کے مرکزی علاقے پھلیلی پل کے قریب واقع شہر کے مرحوم معروف ہول سیل کریانہ تاجر ہریش کمار کے صاحبزادے کاملیش کمار کے گھر میں گزشتہ شب مبینہ ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ متاثرہ خاندان اور پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور 10 لاکھ روپے نقد، دو طلائی انگوٹھیاں، ایک طلائی بریسلٹ سیٹ، ایک سونے کی چین، قومی شناختی کارڈ اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے، جس کے بعد متاثرہ خاندان کی مدعیت میں ماتلی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی آٹھ محرم الحرام کو اسی گلی میں ان کے ایک قریبی عزیز کے گھر سے 18 ہزار روپے نقد چوری ہوئے تھے، تاہم اس واردات کے ملزمان بھی تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ واردات اس لیے بھی تشویشناک ہے کہ جائے وقوعہ ماتلی پولیس اسٹیشن سے چند سو قدم کے فاصلے پر واقع ہے، جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات جنم لے رہے ہیں، جبکہ لوگ اپنے گھروں میں بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ متاثرہ شہری کاملیش کمار نے ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر لوٹی گئی نقد رقم اور طلائی زیورات برآمد کیے جائیں، ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور دستیاب شواہد کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کے لیے کارروائی جاری ہے۔



