مشہد سے اڑان کے فوراً بعد ایرانی مسافر طیارے میں فنی خرابی، ہنگامی لینڈنگ

مشہد(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں سپہران ایئرلائنز کے بوئنگ 737 طیارے کو مشہد سے پرواز کے فوراً بعد فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑ گیا، جس کے باعث پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کا رخ واپس مشہد ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق مشہد سے کرمانشاہ جانے والی پرواز نے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی مسئلے کا سامنا کیا۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر کا ایک ٹائر الگ ہونے کے بعد انجن سے متعلق خرابی پیدا ہوئی اور طیارے میں شدید کمپن محسوس کی گئی۔
رعب داخل مقصورة طائرة إيرانية أصابتها تيارات هوائية عنيفة بعد أن واجهت خللا فنيا أثناء هبوطها في مطار مشهد الدولي ما أثار حالة من الهلع والذعر الشديدين بين الركاب pic.twitter.com/SUaTA6ombI
— العربية (@AlArabiya) September 15, 2026
شدید ہچکولوں اور کمپن کے باعث طیارے کے کیبن کی چھت کے بعض پینل بھی ٹوٹ کر نیچے آ گئے جبکہ اوور ہیڈ کمپارٹمنٹس سے سامان گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بعض مسافروں کو خوفزدہ اور چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پائلٹ نے صورتحال کو ہنگامی قرار دیتے ہوئے طیارے کو بحفاظت مشہد ایئرپورٹ پر اتار لیا۔ واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
طیارہ لینڈ کرنے کے بعد مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے کرمانشاہ روانہ کیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد رن وے کو عارضی طور پر بند کرکے حفاظتی جانچ کی گئی۔
ایرانی شہری ہوا بازی کے حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران سپہران ایئرلائنز کے طیارے سے پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے، تاہم دونوں واقعات میں جانی نقصان نہیں ہوا۔



