یلو لائن کرپشن کیس: سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی ضمانت منظور

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ ہائیکورٹ نے یلو لائن منصوبے میں مبینہ 8 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے کیس میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ضمیر عباسی کو ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے، جبکہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یلو لائن منصوبے سے متعلق کیس میں ضمیر عباسی پر ساڑھے 8 ارب روپے کی مبینہ کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مقدمے کی کارروائی کے دوران سندھ ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے مچلکے جمع کرانے کی شرط عائد کی۔
عدالت کی جانب سے ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، جس کے باعث ملزم عدالتی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔



