ملتان واقعہ،ملزم عدالت میں پیش،وکلا نے گھونسوں اور مکوں کی بارش کردی

ملتان(جانوڈاٹ پی کے) نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں وکلا نے مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے کمسن یتیم لڑکے کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ بعض صارفین نے وکلا کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظلوم بچوں کے حق میں آواز اٹھانا انسانیت کا تقاضا ہے، جبکہ دیگر نے زور دیا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا۔ واقعے کی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اسے گاڑی سے کچلنے کے مناظر دکھائی دیتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد شہریوں نے شواہد کی بنیاد پر ذمہ داروں کا تعین کرنے اور مقدمے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب سی پی او اختر فاروق نے کہا کہ واقعے پر سب دکھی ہیں، کیونکہ متاثرہ بچہ یتیم تھا اور اس کے ساتھ ظلم ہوا۔ ان کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی پی او نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس مقدمے کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کے سمجھوتے کی گنجائش نہ رہے، جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اختر فاروق نے مزید کہا کہ پولیس کی کوشش ہوگی کہ کیس میں زیادہ سے زیادہ قانونی سزا یقینی بنانے کے لیے ٹھوس شواہد جمع کیے جائیں اور چالان جلد تیار کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button