پاکستان امریکا تجارتی مذاکرات میں اہم پیش رفت، آم اور کھجور کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے امریکی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکام کے مطابق ملاقات میں پاکستانی زرعی مصنوعات، بالخصوص آم اور بلوچستان کی کھجور کو امریکی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے، زرعی و صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری تجارت جواد پال نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاہم معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے بعض تکنیکی شقوں پر مزید بات چیت درکار ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارتی مذاکرات کو آگے بڑھانے، منڈیوں تک رسائی میں حائل مسائل حل کرنے اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

توقع ہے کہ تجارتی تعاون میں اضافے سے پاکستانی زرعی مصنوعات کی امریکی منڈیوں میں رسائی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button