چھوٹے کاروبار کی مالی معاونت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے تحت چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو سہولیات اور مالی معاونت کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے یکساں سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سمیڈا کی حکمت عملی میں ملک کے تمام علاقوں کو شامل کیا جائے اور کاروباری افراد کو مالی معاونت کے ساتھ ساتھ فنی تربیت اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دینے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی کاروباری افراد کو ملکی اور عالمی تجارتی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مؤثر استعمال کیا جائے۔ زرعی اجناس کے پیداواری اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے بھی خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے استحکام اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات جاری ہیں، جبکہ صنعتی پیداوار کی برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ کے مطابق سمیڈا مختلف متعلقہ اداروں کے تعاون سے چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے فروغ کے لیے مربوط اور جامع حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، جام کمال اور احد خان چیمہ سمیت وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ہارون اختر اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button