شرجیل میمن کی یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ جلد مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے بس ڈپو سمیت دیگر تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اہم ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہے، اس لیے تعمیراتی کام کی رفتار مزید بڑھائی جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ یلو لائن بس ڈپو اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپو سمیت منصوبے کے بنیادی اجزا بروقت مکمل نہ ہوں تو پورا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔
سینئر وزیر نے جام صادق پل کے دوسرے حصے کا تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ متعلقہ اداروں، کنسلٹنٹس اور ماہرین کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
شرجیل میمن نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی پیش رفت کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو روزانہ پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ جلد مکمل کرکے شہریوں کو جدید، بہتر اور تیز رفتار سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔



