مٹھی میں پاکستان محافظ فورم کی شاندار سماجی و خیراتی تقریب، امام حسینؑ کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی میں "پاکستان محافظ فورم تھرپارکر” کی جانب سے ایک عظیم الشان سماجی اور خیراتی تقریب کا انتہائی کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا ہے۔ تقریب میں علاقے کی اہم سماجی شخصیات، فورم کے عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس پروقار تقریب کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے پاکستان محافظ فورم تھرپارکر کے جنرل سیکریٹری میندھرو کاجھروی کا کہنا تھا کہ ہمیں انتہائی مسرت اور فخر کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے دلی خوشی ہو رہی ہے کہ فورم کی جانب سے مٹھی میں اس شاندار تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تقریب کا بنیادی مقصد نہ صرف تھر کے پسماندہ طبقات کی سماجی بھلائی اور ان کی داد رسی کرنا ہے، بلکہ یہ تقریب نواسہ رسولؐ، حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال و بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک عاجزانہ ذریعہ بھی ہے۔
فورم کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ کا اسوہ حسنہ ہمیں انسانیت کی خدمت، مظلوموں کی حمایت اور سماجی انصاف کا درس دیتا ہے۔ پاکستان محافظ فورم تھرپارکر کی پوری ٹیم اسی جذبے کے تحت صحرائے تھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔ تقریب کے اختتام پر تھرپارکر کی خوشحالی، امن و امان اور فورم کے فلاحی مشن کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔
پاکستان محافظ فورم تھرپارکر کی ٹیم میں چیئرمین سارنگرام میگھواڑ، سینئر وائیس چیئرمین پرکاش ولاسائی، وائیس چیئرمین سریش لکھوانی، صدر دسرت شرما، سینئر نائب صدر سنیل کمار، نائب صدر لجپت رائے، جنرل سیکریٹری میندھرو کاجھروی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری متارو ہنگورجو، فنانس سیکریٹری سورج کمار، انفارمیشن سیکریٹری راجا گووند، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری عبدالکریم، میڈیا کوآرڈینیٹر نواز کھوسو، آفیس سیکریٹری رمیش کمار اور جوائینٹ آفیس سیکریٹری اقبال فقیر شامل تھے، جنہوں نے سماجی کاموں میں اپنا فرض سر انجام دیا۔ جب کے کچھ میمبران نے میزبانی کا کردار بھی ادا کیا۔



