کچے کے علاقے میں حکومتی رٹ مکمل طور پر قائم ہے، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری، ترقیاتی پیکج بھی لائیں گے، ضیا الحسن لنجار

سکھر (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کچے کے علاقوں میں حکومتی رٹ سو فیصد قائم ہے اور ایسا کوئی علاقہ نہیں جہاں ریاست کی عملداری موجود نہ ہو، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت کی پالیسی کے تحت کچے کے علاقوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کچے کے رہائشیوں کو روزگار اور بہتر معاشی مواقع فراہم نہیں کیے جائیں گے، اس وقت تک دیرپا امن و امان کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ مغوی بچی پریا کماری کی بازیابی کے لیے کوششیں بدستور جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ڈاکوؤں پر اس کیس میں ملوث ہونے کا شبہ تھا، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

ضیا الحسن لنجار نے سندھ پولیس سے متعلق تاثر کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ سندھ پولیس کے جوانوں کی تنخواہیں پنجاب پولیس سے کم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button