امریکا اور یورپ کو مشترکہ سلامتی کے لیے متحد رہنا ہوگا، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، نیٹو سربراہ


واشنگٹن (ویب ڈیسک) نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے کہا ہے کہ امریکا اور یورپ کو اپنی مشترکہ سلامتی اور عالمی استحکام کے لیے متحد رہنا ہوگا، کیونکہ یورپ کا دفاع درحقیقت امریکا کے دفاع سے بھی جڑا ہوا ہے۔
اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے مارک روٹے نے کہا کہ یورپ اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور دونوں اتحادیوں کو دفاعی شعبے میں باہمی اشتراک مزید مضبوط بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔ ان کے بقول حالیہ امریکی کارروائی کے نتیجے میں ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم ایران کے جوہری پروگرام پر مسلسل نظر رکھنا ضروری ہے۔
نیٹو سربراہ نے مزید کہا کہ یورپی ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں اور خود انحصاری کی جانب بڑھ رہے ہیں، تاہم امریکا مستقبل میں بھی نیٹو اتحاد کا مرکزی اور مضبوط ستون رہے گا۔