موبائل صارفین کیلئے اہم خبر، پی ٹی اے نے ٹاورز کی جانچ شروع کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل فون سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام ٹاورز پر بجلی کے متبادل انتظامات کا جائزہ لینے کا آغاز کردیا۔

پی ٹی اے کے کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، ایبٹ آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور مظفرآباد کے زونل دفاتر کی ٹیموں نے اپنے متعلقہ علاقوں کے شہری اور دیہی علاقوں میں ٹیلی کام ٹاورز کی جانچ شروع کردی ہے۔خصوصی ٹیمیں بالخصوص ان علاقوں میں ٹاورز پر نصب متبادل بجلی کے نظام کا معائنہ کررہی ہیں جہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔ اس دوران بیٹری بیک اپ، جنریٹرز اور سولر سسٹمز کی کارکردگی کو چیک کیا جارہا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی کی بندش کے دوران موبائل فون اور دیگر ٹیلی کام خدمات میں خلل کو کم کرنا اور صارفین کو ممکنہ حد تک بلا تعطل سروس فراہم کرنا ہے۔معائنے کے دوران مقامی نمائندے اور ان کے نامزد کردہ افراد بھی پی ٹی اے ٹیموں کے ہمراہ موجود ہیں تاکہ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جاسکے جہاں بجلی کی بندش کے باعث موبائل سگنلز کمزور ہوجاتے ہیں یا سروس متاثر ہوتی ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے متبادل بجلی کے انتظامات میں موجود خامیوں کی نشاندہی کے ساتھ ان کی بہتری پر بھی توجہ دی جارہی ہے تاکہ لوڈشیڈنگ کے دوران ٹیلی کام نیٹ ورک کی دستیابی برقرار رکھی جاسکے۔چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن نے زونل دفاتر کو ٹیلی کام ٹاورز کے متبادل بجلی کے انتظامات کا یہ جائزہ باقاعدگی سے جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button