اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس لانے کا فیصلہ

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت میں شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو شہر کی سیر کے لیے جدید اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کی تیاری کرلی گئی، اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شہری انتظامیہ کے مطابق الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں اسلام آباد کے 15 سے زائد اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کو آپس میں منسلک کریں گی، جس سے شہریوں اور سیاحوں کو دارالحکومت کے مختلف مقامات کی سیر کا منفرد موقع ملے گا۔

مجوزہ روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک سمیت دیگر اہم مقامات شامل ہوں گے۔

انتظامیہ کے مطابق ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے شہری اور سیاح سفر کے دوران اسلام آباد کے قدرتی مناظر اور اہم مقامات سے لطف اندوز ہوسکیں گے، جبکہ ماحول دوست الیکٹرک بسیں جدید شہری سفری سہولیات کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔

الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں میں 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔ بس سروس کا مقصد دارالحکومت میں سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ شہریوں اور سیاحوں کو جدید سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس اسلام آباد کو مزید پرکشش اور سیاح دوست دارالحکومت کے طور پر فروغ دینے میں معاون ہوگی۔شہریوں نے اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button