موبائل انٹرنیٹ بندش کا فیصلہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ہوگا،شزہ فاطمہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) موبائل سروسز اور انٹرنیٹ کی ممکنہ بندش کے معاملے پر وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) موبائل انٹرنیٹ کی بندش کا فیصلہ وزارتِ داخلہ کی ہدایات پر کرتی ہے، تاہم تاحال وزارتِ داخلہ کی جانب سے پی ٹی اے کو اس حوالے سے کوئی باضابطہ ہدایت موصول نہیں ہوئی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے پی ٹی اے کو ابھی تک موبائل انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔وزیرِ آئی ٹی نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے دو سال کے دوران قومی سطح پر انٹرنیٹ کی بندش نہیں کی گئی، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری وزارتِ داخلہ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر انٹرنیٹ بند کرنے کی ضرورت پیش آئی تو یہ اقدام محدود پیمانے پر کیا جائے گا۔شزہ فاطمہ کے مطابق امید ہے کہ صورتحال قابو میں رہے گی اور موبائل سروسز یا انٹرنیٹ کی بندش کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔



