اسلام آباد میں گٹر میں بچی گر گئی،ریسکیو ٹیم نے بحفاظت نکال لیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سیکٹر بی 17 بلاک سی، اسٹریٹ نمبر 12 میں گھر کے گٹر میں گرنے والی بچی کو ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت باہر نکال لیا۔
اسلام آباد ایمرجنسی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق واقعہ مکان نمبر 179 میں پیش آیا، جس کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 1120 پر موصول ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائی شروع کردی۔ ریسکیو اہلکاروں نے کوشش کے بعد بچی کو گٹر سے بحفاظت باہر نکال لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں بچی کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ بروقت اطلاع اور ریسکیو ٹیم کی فوری کارروائی کے باعث بچی کو بحفاظت نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔



