مولانا فضل الرحمان کے بیانات مایوس کن ہیں، دہشت گردی پر واضح مؤقف اپنائیں، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے دہشت گردی کے معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جیسے تجربہ کار سیاست دان کی جانب سے مایوس کن بیانات سامنے آ رہے ہیں، حالانکہ وہ خود دہشت گردی کی ہولناکیوں کا سامنا کر چکے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں بھاری نقصان اٹھا چکی ہے، اس لیے امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان دہشت گردی کے خلاف غیر مبہم اور واضح مؤقف اختیار کریں گے۔
سینئر صوبائی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جماعت نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ اختیار کیا، جس کے نتیجے میں اسے اپنی حکومت سے ہاتھ دھونا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف معصوم شہریوں کا خون بہتا رہا اور سکیورٹی اہلکار شہید ہوتے رہے، جبکہ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کے دفاتر کھلوانے کی باتیں کرتے رہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو آج اپنے ہی فیصلوں کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سیاسی حلقوں میں دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے مؤقف پر بحث کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا ہے۔



