کراچی میں انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب، 5 ملزمان گرفتار، ایک ماہ میں 230 افغان باشندوں کی منتقلی کا انکشاف

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سرجانی ٹاؤن میں رینجرز سندھ اور ضلع ویسٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی انسانی اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزمان غیر قانونی افغان باشندوں کو بلوچستان کے علاقے حب سے کراچی منتقل کرتے تھے۔

دنیا نیوز کے مطابق ترجمان رینجرز سندھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی افغان باشندوں کو حب میں عارضی رہائش بھی فراہم کرتے تھے۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور سوزوکی لوڈر گاڑی برآمد کی گئی۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد گرفتاری سے بچنے کے لیے منگھو پیر، بند مراد، سرجانی اور ناردرن بائی پاس کے کچے راستے استعمال کرتے تھے۔

رینجرز حکام کے مطابق ملزمان ایک خاندان کو کراچی منتقل کرنے کے عوض تقریباً 2 لاکھ روپے وصول کرتے تھے۔ گرفتار افراد نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک ماہ کے دوران تقریباً 230 غیر قانونی افغان باشندوں کو کراچی منتقل کیا۔

ترجمان رینجرز سندھ نے مزید بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کے لیے چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق اسی نوعیت کا ایک گروہ بلوچستان سے کراچی دہشت گردی کے حملوں میں ملوث ملزمان کو منتقل کرنے میں بھی معاونت کرتا رہا ہے۔ اس پہلو سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button