پی ٹی آئی کا براہِ راست مذاکرات سے انکار، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی بھرپور مزاحمت کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی اب براہِ راست کوئی مذاکرات نہیں کرے گی، آئندہ کا فیصلہ اپوزیشن اتحاد اور آل پارٹیز کانفرنس میں کیا جائے گا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے فیصلوں کا جواب بھرپور مزاحمت کی صورت میں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنے فیصلوں کے نتائج خود بھگتنا ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے ممکنہ اقدام کی بھی مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان اقدامات کا ہر فورم پر مقابلہ کیا جائے گا۔
اسد قیصر کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ حکمت عملی اپوزیشن اتحاد اور آل پارٹیز کانفرنس کی مشاورت سے طے کرنا چاہتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے پر وفاقی حکومت کے ساتھ سیاسی اختلافات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔



