پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی ناکامی کی تحقیقات کا فیصلہ، سہیل آفریدی کے کردار پر سوالات اٹھ گئے

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نے لانگ مارچ کی ناکامی اور حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پارٹی اجلاس میں لانگ مارچ کی منصوبہ بندی، قیادت کے کردار اور حکمت عملی کے فقدان پر سوالات اٹھائے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں شریک بعض رہنماؤں نے سہیل آفریدی کو لانگ مارچ کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا۔ رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ مارچ کے لیے مؤثر منصوبہ بندی نہیں کی گئی اور نہ ہی پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا۔
اجلاس میں سلمان اکرم راجہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی سہیل آفریدی سے لانگ مارچ کی منصوبہ بندی کے بارے میں پوچھا جاتا تو وہ تفصیلات فراہم نہیں کرتے تھے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق لکی مروت سے مردان تک بھی انہیں مارچ کی حکمت عملی سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر لانے کا مطالبہ بھی سامنے آیا، تاہم پارٹی کے مؤقف کے مطابق محمود اچکزئی کو بانی چیئرمین عمران خان نے نامزد کیا ہے، اس لیے انہیں عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
شرکا نے عمران خان سے ملاقات کے لیے بیرسٹر سیف سے رابطہ کرنے کی تجویز بھی دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے رابطوں کی ذمہ داری بیرسٹر سیف کو سونپنے کے معاملے پر پیش رفت کی جائے۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی چار نکات پر رپورٹ دے گی
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے لانگ مارچ اور مذاکرات سے متعلق حقائق سامنے لانے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔ کمیٹی کو چار نکات پر تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی، جن میں لانگ مارچ کی ناکامی کی وجوہات، حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے اسباب، مارچ کی فنڈنگ اور فارن فنڈنگ سے متعلق معاملات شامل ہیں۔
کمیٹی کے ارکان کا انتخاب آج شام ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔ کمیٹی کی رپورٹ سے لانگ مارچ کی منصوبہ بندی، قیادت کے کردار اور مذاکراتی عمل سے متعلق پارٹی کے اندر اٹھائے گئے سوالات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔



