سندھ میں6انتظامی یونٹس بنیں گے،فاروق ستارکااعلان

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بنائے جائیں گے اور صوبے کے وسائل تمام علاقوں میں مساوی بنیادوں پر تقسیم ہونے چاہئیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ سندھ کے وسائل پر سب کا حق ہے، عمرکوٹ، تھرپارکر، سکھر اور دیگر شہروں کو بھی ترقی دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جاسکتے ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ حق ملنا چاہیے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ وہ کیا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لیے صاف اور شفاف ریفرنڈم بھی کرایا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق انتظامی یونٹس کا معاملہ کئی برس سے زیر بحث ہے اور اس پر عوامی رائے سامنے آنی چاہیے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کراچی کے بلدیاتی ملازمین کے ریٹائرمنٹ واجبات کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ 25 ٹاؤنز کے متعدد ملازمین ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والے واجبات ادا نہیں کیے گئے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی ہونے والی رقم کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتی رہی، اس لیے ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔فاروق ستار نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے ریٹائرمنٹ واجبات کا معاملہ جلد حل کیا جائے اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ان کے مطابق اس معاملے میں میئر کراچی سمیت متعلقہ افسران کی ذمہ داری بھی عائد کی گئی ہے۔



