بحرین میں خلیج تعاون کونسل کا اجلاس،امریکا ایران معاہدے پرغور

منامہ(جانوڈاٹ پی کے)بحرین کے دارالحکومت منامہ میں خلیجی تعاون کونسل اور امریکا کا مشترکہ وزارتی اجلاس شروع ہو گیا۔افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس میں پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی بحالی خطے کے امن و استحکام کیلئے مثبت پیشرفت ہے۔آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت اور عمان کی جانب سے عارضی بحری راہداری کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔بحرینی وزیر خارجہ ئے مزید کہا کہ یہ اقدام عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے تسلسل کے لیے اہم ہے البتہ ایران کو مفاہمتی معاہدے کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا۔انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کو خصوصاً جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں میں آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنانا ہوگا۔



