آبنائےہرمزپرفیس لگانے کے کسی ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کرینگے،قطری وزیراعظم کااعلان

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کے کسی بھی ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دنیا تک رسائی کے اہم بحری راستے پر کسی ایک ملک کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہو سکتا۔برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قطری وزیراعظم نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان قائم ہاٹ لائن انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس رابطہ نظام کا مقصد غلط فہمیوں، اشتعال انگیزی اور غیر مصدقہ اطلاعات کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کو کم کرنا ہے۔شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے خبردار کیا کہ بعض عناصر امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بحری جہاز کو خطرے یا دھمکی کا سامنا ہو تو اس کی تصدیق براہِ راست ایرانی حکام سے کی جانی چاہیے تاکہ کسی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔



