کراچی: 8 محرم کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہو گا، انتظامات مکمل

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) شہر قائد میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا جس میں حضرت امام حسینؑ کے علمدار حضرت عباسؑ کی عظیم قربانی کی یاد میں عزاداران کربلا شرکت کریں گے۔

جلوس سے قبل نشتر پارک میں صبح 11 بجے مجلس عزا منعقد ہوگی، جس سے معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، مجلس میں کربلا کے شہدا کی لازوال قربانیوں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی جائے گی۔

جلوس دوپہر 12 بجے کے قریب سادات امروہہ کی جانب سے برآمد کیا جائے گا، جس کی رہنمائی ابوالحسن سکاؤٹس اور امروہہ سکاؤٹس کریں گے۔

جلوس کے شرکاء روایتی انداز میں نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے اپنے راستوں پر رواں دواں رہیں گے، جلوس شاہنواز بھٹو روڈ سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ اور مرکزی نمائش چورنگی تک پہنچے گا، جہاں امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔

بعد ازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کھارادر میں واقع حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق جلوس کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عزاداران کو مکمل سہولت فراہم کی جا سکے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق آٹھ محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی سکیورٹی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، شہر بھر میں 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، تاہم مرکزی جلوسوں کے راستوں اور حساس مقامات پر اضافی نفری، ریزرو فورس اور سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔

پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سرچ و سویپ آپریشنز کے ذریعے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button