عاصم افتخار کی انتونیو گوتریس سے الوداعی ملاقات، پاکستان کے کردار کو سراہا گیا

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے الوداعی ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی امور سمیت پاکستان کے سفارتی کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران انتونیو گوتریس نے خطے میں امن اور ترقی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور امریکا ایران جنگ کے معاملے پر پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عاصم افتخار کو پاکستان کا نیا خارجہ سیکریٹری مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں تعیناتی کے دوران عاصم افتخار کی جانب سے سیکریٹری جنرل اور ان کی ٹیم کے ساتھ تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب عاصم افتخار نے کثیرالجہتی نظام، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قانون کے فروغ کے لیے انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔

ملاقات میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

مزید خبریں

Back to top button