عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، برینٹ کی قیمت 103 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی


لندن(ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، برینٹ خام تیل کی قیمت 103 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کرگئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 14 سینٹ اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 103 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی 34 سینٹ اضافے کے بعد 89 ڈالر 72 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کی آمادگی سے متعلق اطلاعات کی تردید کو قرار دیا جا رہا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت رواں ماہ تقریباً 14 فیصد اضافے کی جانب گامزن ہے، جو جولائی کے بعد کسی ایک ماہ میں سب سے بڑا اضافہ ہوگا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں رواں ماہ تقریباً 4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔