امریکا اور اسرائیل ایران کو جھکانے میں ناکام رہے، اب تقسیم کی کوشش کر رہے ہیں، مسعود پزشکیان


تہران(ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل فوجی ذرائع سے ایران کو جھکانے میں ناکامی کے بعد اب ملک کے اندرونی اختلافات کو ہوا دینے اور تقسیم پیدا کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔
اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل جنگ کے ذریعے ایران کو جھکانے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے مطابق تہران اپنے ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے اور عراق، پاکستان، آذربائیجان سمیت دیگر دوست ممالک ایران کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امریکی صدر دنیا کے دوسرے سرے سے دھمکیاں اور احکامات دیتے ہیں، جبکہ بعض ممالک ان احکامات پر عمل بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران موجودہ مشکلات کے باوجود دوست اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنے روابط جاری رکھے گا۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، اس لیے ملک کو کمزور کرنے کے بجائے باہمی تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔