واٹس ایپ کے نئے فیچر نے صارفین کو تجسس میں مبتلاکردیا

لاہور(نیٹ نیوز)اب واٹس ایپ کے ایک اندرونی سیکیورٹی فیچر کے ذریعے بغیر میسج یا کال کیے ممکنہ طور پر یہ جاننا ممکن ہو سکتا ہے کہ آپ کو بلاک کیا گیا ہے یا نہیں۔
فیچر ٹریکرز کے مطابق واٹس ایپ کا خودکار اینڈ ٹو اینڈ اینکرپشن ویری فکیشن سسٹم بلاک ہونے کی نشاندہی کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ فیچر بنیادی طور پر اس بات کی تصدیق کے لیے بنایا گیا ہے کہ چیٹس مکمل طور پر محفوظ اور اینڈ ٹو اینڈ اینکرپٹڈ ہیں۔
اس فیچر تک رسائی کے لیے صارف چیٹ کھول کر کانٹیکٹ کے نام پر ٹیپ کرے اور پھر "Encryption” کا آپشن منتخب کرے۔ اس کے بعد واٹس ایپ خودکار طور پر چیٹ کی اینکرپشن کی تصدیق کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر سب کچھ معمول کے مطابق ہو تو ویری فکیشن کامیابی سے مکمل ہو جاتی ہے، تاہم اگر واٹس ایپ بار بار اینکرپشن کی تصدیق میں ناکام رہے اور متبادل طریقے تجویز کرے تو یہ اس بات کا اشارہ ہو سکتا ہے کہ کچھ غیر معمولی ہو رہا ہے اور ممکنہ طور پر آپ کو بلاک کیا گیا ہو۔
اس طریقے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے نہ کوئی میسج بھیجنا پڑتا ہے اور نہ ہی کال کرنا ضروری ہوتی ہے، جبکہ دوسرے صارف کو بھی کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوتی۔



