دنیا کا انوکھا مقابلہ! سب سے تیزی سے قبر کھودنے والے کو 640 ڈالر انعام

بوڈاپیسٹ (جانو ڈاٹ پی کے) یہ کوئی مذاق یا فلمی منظر نہیں بلکہ ایک حقیقی مقابلہ تھا، جہاں درجنوں افراد نے قبرستان میں کدالیں اٹھا کر ایک دوسرے کو شکست دینے کی دوڑ لگادی۔
یورپی ملک ہنگری کے علاقے Nyergesújfalu کے ایک قبرستان میں دنیا کے منفرد ترین مقابلوں میں شمار ہونے والا قبریں کھودنے کا مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں 38 افراد نے بھرپور حصہ لیا۔
مقابلے میں شریک افراد کو 19 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا اور ہر ٹیم میں دو افراد شامل تھے۔ شرکاء کو مقررہ پیمائش کے مطابق کم سے کم وقت میں ایک مکمل قبر تیار کرنا تھی۔
مقابلے کے منتظمین اور ہنگری میں قبرستانوں کی دیکھ بھال سے متعلق تنظیم کے مطابق اس منفرد مقابلے کا مقصد موت اور تدفین سے وابستہ توہمات کو کم کرنا، قبر کھودنے کے پیشے سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور شرکاء کو اپنی عملی مہارتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
مقابلے میں صرف رفتار ہی نہیں بلکہ قبر کی درست پیمائش اور ساخت کو بھی اہمیت دی گئی، تاہم فاتح ٹیم کے مطابق خوبصورتی سے زیادہ رفتار فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
فاتح ٹیم میں رابرٹ نیگی اور لاسزلو کس شامل تھے، جنہوں نے حیران کن طور پر صرف ایک گھنٹہ 21 منٹ میں قبر کی کھدائی مکمل کرلی۔
فاتح ٹیم کی تیار کردہ قبر تقریباً 1.6 میٹر گہری، 2 میٹر لمبی اور 0.8 میٹر چوڑی تھی۔
فاتحین کا کہنا تھا کہ عام طور پر تدفین کے لیے قبر کھودتے وقت پیمائش میں انتہائی احتیاط کرنا پڑتی ہے اور قبر کی ساخت بھی درست رکھنا ضروری ہوتا ہے، تاہم اس مقابلے میں رفتار بھی ایک اہم چیلنج تھی۔
دلچسپ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو 640 امریکی ڈالرز کا انعام دیا گیا۔
ہنگری میں ہونے والے اس غیر معمولی مقابلے کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی حیران ہیں کہ دنیا میں ایسے مقابلے بھی منعقد ہوتے ہیں، جہاں جیت کا فیصلہ کسی کھیل، دوڑ یا طاقت کے بجائے قبر کھودنے کی رفتار اور مہارت سے کیا جاتا ہے۔



