9مئی جلاؤگھیراؤ،یاسمین راشد،عمرسرفرازچیمہ،اعجازچودھری،محمود الرشید کو10-10سال قید،شاہ محمودبری

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کے واقعات کے دوران مغلپورہ میں پولیس گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے کئی مرکزی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی، جبکہ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کر دیا گیا۔
اے ٹی سی کے ایڈمن جج منظر علی نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمہ نمبر1570/23 کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری ، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق سزا پانے والے رہنماؤں پر 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی منصوبہ بندی، کارکنوں کو فسادات پر اکسانے اور ریاستی اداروں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔
مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت مجموعی طور پر 22 ملزمان نامزد تھے، جن میں سے دو ملزمان پہلے ہی اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی 20 ملزمان کے خلاف عدالت نے فیصلہ جاری کیا۔
پراسیکیوشن نے مقدمے کے دوران 37 گواہان کے بیانات اور شواہد عدالت میں پیش کیے اور ملزمان کو سزا دینے کی استدعا کی تھی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں اس سے قبل بھی فیصلے سنائے جا چکے ہیں، تاہم مغلپورہ میں پولیس گاڑیاں جلانے کا یہ مقدمہ ان اہم کیسز میں شمار کیا جا رہا تھا جن پر سیاسی اور قانونی حلقوں کی گہری نظر تھی۔



