کمشنر حیدرآباد فیاض احمد عباسی سے صحافی تنویر آرائیں،شوکت میمن کی ملاقات

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر تنویر احمد آرائیں اور بدین پریس کلب کے صدر شوکت میمن نے کمشنر حیدرآباد فیاض احمد عباسی سے کمشنر ہاؤس حیدرآباد میں ملاقات کی ملاقات کے دوران کمشنر حیدرآباد کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ملاقات میں شہری مسائل، عوامی فلاح و بہبود، صحافیوں کو درپیش مشکلات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر حیدرآباد فیاض احمد عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ادارے اور انتظامی افسران عوامی مسائل، مشکلات اور شکایات سے آگاہی کے لیے ذرائع ابلاغ کے ذریعے معلومات حاصل کرتے ہیں، اس لیے صحافیوں اور صحافتی اداروں کے ساتھ مضبوط رابطہ اور بہتر تعلقات عوامی مسائل کے حل کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔

کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ حکومت صوبائی دارالحکومت کے علاوہ ڈویژن اور ضلعی سطح پر عوامی فلاح، علاقے کی ترقی، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات، معیاری تعلیم، بہتر سفری سہولیات، زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں کی ترقی، نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں علاقوں کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور غربت و بے روزگاری میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی پالیسیوں اور ہدایات کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں اس موقع پر ایچ یو جے کے سینئر نائب صدر تنویر احمد آرائیں اور بدین پریس کلب کے صدر شوکت میمن نے کمشنر حیدرآباد کو بدین شہر سمیت ضلع بھر میں شہریوں کو درپیش مسائل، مشکلات اور عوامی شکایات سے آگاہ کیا کمشنر حیدرآباد فیاض احمد عباسی نے موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی سے رابطہ کرتے ہوئے شہید بے نظیر و ڈی سی چوک سے شاہ نواز چوک تک تعمیر ہونے والی سڑک کی مکمل بحالی، مذکورہ سڑک سمیت شہر میں قائم غیر قانونی تجاوزات اور پتھاروں کے خاتمے کے لیے میونسپل کمیٹی بدین، پولیس اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مشترکہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی کمشنر نے شہر میں ٹریفک کے نظام کی مکمل بحالی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے بھی موثر اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر صحافیوں نے کمشنر حیدرآباد کی توجہ بدین ضلع کی نہری ٹیل اور ساحلی علاقوں میں پانی کی شدید قلت کی جانب کرتے ہوئے زرعی اور پینے کے پانی کی قلت کے جاری بحران سے بھی آگاہ کیا جس پر کمشنر حیدرآباد کا بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر وہ محکمہ ایرکیشن سیڈا اور ایریا واٹر بورڈ کے ذمہ داران سے رابطے میں ہیں کوشش کی جا رہی ہے کہ دستیاب پانی کی تقسیم کو بہتر مینجمنٹ کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button