چین نے میری درخواست پر ایران تنازع میں مداخلت نہیں کی، 60 دن میں حتمی معاہدہ ہوگا، ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے چین سے ایران کے تنازع میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی تھی جس پر بیجنگ نے اتفاق کیا اور تنازع سے دور رہا۔
میری لینڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور آئندہ 60 دنوں میں حتمی ڈیل مکمل کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حتمی معاہدہ نہ ہو سکا تو امریکا ایسے اقدامات کرے گا جو ایران کے لیے خوشگوار نہیں ہوں گے، تاہم انہیں امید ہے کہ معاہدہ طے پا جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی غیر معمولی آمدورفت جاری ہے اور اس اہم آبی گزرگاہ سے بڑی تعداد میں جہاز گزر رہے ہیں، جس پر شپنگ کمپنیاں خوش ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ چینی صدر شی جن پنگ ستمبر میں امریکا کا دورہ کریں گے جبکہ وہ خود بھی دوبارہ چین جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے چینی قیادت سے کہا تھا کہ ایران کے معاملے میں مداخلت نہ کی جائے اور چین نے اس درخواست کا احترام کیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ چین اپنی تیل کی ضروریات کا بڑا حصہ آبنائے ہرمز کے ذریعے حاصل کرتا ہے، اس کے باوجود چینی قیادت نے تنازع سے دور رہنے کا فیصلہ کیا جس پر وہ چین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس تنازع کے خاتمے کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔



