قطر اور مصر کا امریکہ ایران ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کر دیا

دوحہ(ویب ڈیسک) قطر اور مصر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق قطری وزیر خارجہ اور مصری وزیر خارجہ کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے جاری مذاکرات اور حالیہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فریقین نے پاکستان کی جانب سے حتمی معاہدے کا متن تیار ہونے کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ امریکا اور ایران جلد معاہدے پر دستخط کر لیں گے۔
قطری وزارت خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے، پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور سفارتی حل کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق مختلف سطحوں پر مثبت اشارے سامنے آ رہے ہیں اور متعدد علاقائی ممالک مذاکراتی عمل کی حمایت کر رہے ہیں۔



