لاڑکانہ میں تاریخی عدالتی فیصلہ، پولیس تشدد کیس میں سابق ایس ایچ او کو 2 سال قید کی سزا

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں فورتھ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج عبدالحسیب ابڑو کی عدالت نے فہیم خان مہر نامی مزدور کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد سابق ایس ایچ او شاہد میمن کو جرم ثابت ہونے پر دو سال قید کی سزا سنائی،

درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ الطاف حسین میرانی کے مطابق 31 مئی 2023 کو فہیم خان مہر، جو نئون دیرو میں پکوڑے فروخت کرکے گزر بسر کرتا تھا کو مبینہ طور پر اس کی دکان سے بے گناہ گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا گیا جہاں اس پر تشدد کیا گیا اور لاک اپ میں بند رکھا گیا وکیل کے مطابق تشدد کے باعث فہیم خان مہر کی بائیں آنکھ شدید متاثر ہوئی اور بعد ازاں وہ بینائی سے محروم ہوگئی، معاملے پر رتودیرو کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی جہاں میڈیکل رپورٹ میں متاثرہ شخص کی ایک آنکھ ضائع ہونے کی تصدیق ہوئی،

بعد ازاں کیس مختلف عدالتوں سے ہوتا ہوا لاڑکانہ کی فورتھ ایڈیشنل اینڈ سیشن کورٹ منتقل ہوا، عدالت نے ڈاکٹر سمیت دیگر گواہوں کے بیانات، میڈیکل شواہد اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق ایس ایچ او شاہد میمن کو قصوروار قرار دیتے ہوئے دو سال قید کی سزا سنادی، اس فیصلے کو پولیس تشدد اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال سے متعلق ایک اہم عدالتی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے.

مزید خبریں

Back to top button