پاکستان کو لانگ مارچ نہیں، امن و استحکام کی ضرورت ہے، احسن اقبال

نارووال (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت فساد اور لانگ مارچ کے بجائے اتحاد، امن اور استحکام کی ضرورت ہے، نوجوان ملک میں مثبت اور تعمیری سوچ کو فروغ دیں۔
اپنے آبائی حلقے نارووال میں ٹیکنیکل کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نوجوان پاکستان میں امن، استحکام اور اتحاد کی آواز بنیں اور ملک کو تقسیم کرنے والی سوچ کو مسترد کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کسی ملک کے ٹی وی چینلز پر بدامنی اور تصادم کے مناظر دکھائی دیں تو بین الاقوامی سرمایہ کار ایسے ملک کا رخ کرنے سے گریز کرے گا۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے لیے امن اور استحکام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
احسن اقبال نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے امن، استحکام اور اتحاد کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک کے لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کرے تو ایسی آوازوں کو مسترد کرنا چاہیے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مشن پاکستان کو دنیا کی بہترین معیشتوں میں شامل کرنا ہے، جس کے لیے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید اور بہترین ٹیکنیکل تعلیم فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں، اپنے لیے باعثِ فخر بنیں اور پاکستان کی مثبت پہچان کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔



